نئی دہلی، 25؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آج بھارت میں امریکی مشن نے نئی دہلی میں سفارتخانہ اور چنئی، کولکاتہ، حیدرآباد اور ممبئی میں چار قونصل خانوں کیلئے نئی ویب سائٹ کا آغاز کیا۔ پورے امریکی مشن کے لئے نئی ویب سائٹ کا پتہ https://in.usembassy.govہے۔ یہ ویب سائٹ انگریزی، اردو اور ہندی ورڈ پریس پر تیار کی گئی ہے جو ایک مقبول ویب اور بلاگنگ پلیٹ فارم ہے۔ یہ سرکاری ویب سائٹ مواد اور وسائل سے بھر پور ہے جس میں امریکی ویزا کے لئے درخواست دینے کے بارے میں معلومات، ملازمت کی خالی جگہوں کے لئے اعلانات، اور سرکاری پریس ریلیز شامل ہیں۔ بھارت میں مقیم امریکی شہری پاسپورٹ کے بارے میں وسائل حاصل کرسکتے ہیں، کاروباری افراد بھارت اور امریکہ میں کاروبار کرنے کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں، اور طلبہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ نئی ویب سائٹ میں چاروں امریکی قونصل خانوں اور وہاں فراہم کی جانی والی خدمات کے بارے میں بھی معلومات شامل ہیں۔موبائل ڈیوائس کے ذریعہ ہماری سائٹ تک رسائی حاصل کرنے والے وزیٹروں کی بڑی تعداد کو ملحوظ رکھتے ہوئے نئی ویب سائٹ کو موبائل موافق بھی بنایا گیا ہے جس میں لے آؤٹ اسکرین سائز کے مطابق ترتیب اختیار کر لیتا ہے، اور موبائل انٹرنیٹ کنکشن پر مواد کی تیزی سے لوڈنگ کرنے دیتا ہے۔ ویزا معلومات، امریکی شہری خدمات، روزگار کے مواقع، امریکی پالیسی، پریس ریلیز، اور خبریں اور تقریبات تمام کے شارٹ کٹس آسان رسائی کے لئے سر ورق پر دستیاب ہیں۔ ویب سائٹ میں تلاش کی سہولت بھی موجود ہے۔ امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانوں کو سوشل میڈیا پر فالو کریں۔ فیس بک، ٹویٹر، فلیکر، اور انسٹا گرام کے لنکس https://usembassy.gov/social-media/ پر موجود ہیں۔ ہمیں آپ کی رائے کا انتظار ہے۔